جادو جنات اور علاج قسط نمبر24A
*کتاب:شریر جادوگروں کا قلع قمع کرنے والی تلوار*
*مئولف: الشیخ وحید عبدالسلام بالی حفظٰہ للہ*'
*ترجمہ: ڈاکٹر حافظ محمد اسحٰق زاھد*
*مکتبہ اسلامیہ*
*یونیکوڈ فارمیٹ:فاطمہ اسلامک سنٹر پاکستان*
۔ سحر استحاضہ
سحر استحاضہ کیسے ہو جاتا ہے؟
اس قسم کا جادو صرف عورتوں پر ہوتا ہے، اس کا طریقہ یہ ہے کہ جادوگر ایک جن کو اس عورت پر مسلط کر دیتا ہے جس پر جادو کرنا مقصود ہوتا ہے،اور اس کی یہ ڈیوٹی لگاتا ہے ہے کہ وہ اسے استحاضہ کی بیماری میں مبتلا کردے، چنانچہ جن عورت میں داخل ہو جاتا ہے اور اس کی رگوں میں خون کے ساتھ ساتھ گردش کرتا ہے۔ فرمانِ نبوی ہے:
(الشیطان یجري من آدم مجری الدم )
“شیطان انسانی جسم میں خون کی طرح گردش کرتا ہے۔”
(البخاری:ج4،ص282،الفتح۔مسلم:ج14،ص155،نووی)
اور دوران گردش جب وہ رحم کی رگوں میں پہنچتا ہے تو ان میں ایڑ لگا دیتا ہے جس سے ان رگوں سے خون بہنا شروع ہو جاتا ہے۔
حضرت حمنۃ بنت جحش نے جب استحاضہ کے متعلق آپﷺ سے پوچھا تو آپﷺ نے فرمایا:
(إنما ھی رکضۃ من رکضات الشیطان) (الترمذی: حسن صحیح)
“استحاضہ تو صرف شیطان کے ایڑ لگانے کی وجہ سے ہوتا ہے۔”
اور ایک روایت میں یوں ہے:
(انما ھو عِرق ولیس بالحیضۃ )( رواہ أھمد والنسائی ہاسناد جید)
“یہ تو ایک رگ سے بہنے والا خون ہے، حیض نہیں ہے۔”
ان دونوں روایتوں سے معلوم ہوا کہ استحاضہ عورت کے رحم میں موجود رگوں میں سے کسی ایک رگ میں شیطان کے ایڑ لگانے کی وجہ سے ہوتا ہے۔
استحاضہ کیا ہوتا ہے؟
ابن اثیر کہتے ہیں:
“استحاضہ یہ ہے کہ حیض کے دنوں کے بعد بھی عورت کو خون آتا رہے” (النہایہ:ج1،ص469)
یاد رہے کہ عورت کو یہ خون ایک ماہ تک بھی آ سکتا ہے اور اس کی مدت میں کمی بیشی بھی ہو سکتی ہے۔
سحر استحاضہ کا علاج
پانی پر دم کریں، پھر وہ پانی مریضہ کو دے دیں جس سے وہ تین دن تک پیتی رہے اور غسل بھی کرتی رہے، ان شاءاللہ خون آنا رک جائے گا۔ اور شیخ الاسلام ابن تیمیہؒ نے اس کے جواز کا فتویٰ ہے کہ مستحاضہ کےلئے قرآنی آیات لکھ کر دی جاسکتی ہیں اور وہ ان کے پانی سے غسل بھی کر سکتی ہے۔
سحر استحاضہ کے علاج کا عملی نمونہ
ایک خاتون میرے پاس آئی جس کو بہت زیادہ خون آرہا تھا، میں نے اس پر دم کیا اور قرآن مجید کی کچھ کیسٹیں سننے کےلئے اُسے دیں، چند ایام کے بعد اس کا خون بالکل رک گیا اور وہ شفا یاب ہوگئی۔
۹۔ شادی میں رکاوٹیں ڈالنے کا جادو
علامات:
1۔ دائمی سر درد
2۔ سینے میں شدید گھٹن کا احساس، خاص طور پر عصر کے بعد سے لے کر آدھی رات تک
3۔ منگیتر کو بدصورت منظر میں دیکھنا
4۔ بہت زیادہ پریشان خیالی
5۔ نیند کے دوران بہت زیادہ گھبراہٹ
6۔ کبھی کبھی معدے میں شدید درد
7۔ پیٹھ کی نچلی ہڈیوں مین درد
یہ جادو کیسے ہوتا ہے؟
کوئی کینہ پرور اور سازشی انسان پلید جادوگر کے پاس جاتا ہے اور اس سے مطالبہ کرتا ہے کہ فلاں آدمی کی بیٹی پر جادو کر دو تاکہ وہ شادی نہ کرسکے، جادوگر اس کا اور اسکی ماں کا نام اس سے پوچھ لیتا ہے، پھر اس کا کوئی کپرا طلب کرتا ہے، اس کے بعد اس پر جادو کر دیتا ہے اور اس سلسلے میں ایک یا ایک سے زیادہ جنوں کی ڈیوٹی لگادیتا ہے، جو اپنی ڈیوٹی سرانجام دینے کےلئے اس عورت کا پیچھا کرنا شروع کر دیتا ہے۔ اگر اسے موقع مل جائے تو اس میں داخل ہو جاتا ہے، پھر اسے اس حد تک پریشان کرتا ہے کہ جو بھی منگنی کا پیغام لے کر اس کے پاس جاتا ہے، وہ اس کے ساتھ شادی کرنے سے فوراً انکار کر دیتی ہے، اور اگر اس میں داخل ہونے کا موقع نہ ملے تو باہر باہر سے جن کی کوشش ہوتی ہے کہ ہر مرد کو اس عورت کےسامنے بدصورت ثابت کرے، اور خود اس عورت کو مردوں کے ذہنوں میں بدصورت عورت کے طور پر ثابت کرے، چنانچہ وہ عورت ہر مرد کے ساتھ شادی کرنے سے بلاوجہ انکار کر دیتی ہے، اور اگر کوئی مرد ا سکے ساتھ شادی کرنے کےلئے تیار ہو بھی جائے تو شیطان اس کے دل میں مسلسل وسوسے ڈالتا ہے اور اسے اس سے بد ظن کر دیتا ہے۔ اور ایسا بھی ہوتاہے کہ اس عورت کے گھر میں جو شخص بھی اس عورت کے ساتھ شادی کرنے کی نیت سے داخل ہوتا ہے، اسے شدید گھٹن کا احساس ہوتا ہے اور اس کا گھر اسے جیل خانہ لگتا ہے، اس کے بعد وہ دوبارہ اس گھر میں داخل ہونے کا سوچتا بھی نہیں۔
اس جادو کا علاج
1۔ مریضہ پر پہلی قسم (سحر تفریق) میں مذکو دم والی آیات اور سورتوں کو پڑھیں،اگر اس پر مرگی کادورہ پڑ جائے اور جن بولنے لگ جائے تو اس کے ساتھ اسی طریقے سے نمٹیں جو “سحر تفریق” میں بیان کر دیا گیا ہے۔
2۔ اگر اس پر مرگی کا دورہ نہ پڑے اور اس کے جسم میں کچھ تبدیلیاں رونما ہوں تو اسے مندرجہ ذیل تعلیمات دیں:
٭ وہ شرعی پردے کی پابندی کرے۔
٭ نمازیں ہمیشہ بروقت ادا کرے۔
٭ گانے اور موسیقی وغیرہ نہ سنے۔
٭ سونے سے پہلے وضو کر کے آیت الکرسی کی تلاوت کرے۔
٭ معوذات کی تلاوت کے بعد اپنی ہتھیلیوں میں پھونکے، پھر انہیں پورے جسم پر مل لے۔
٭ ایک گھنٹے کی کیسٹ میں آیت الکرسی کو بار بار ریکارڈ کریں، جسے وہ روزانہ ایک بار سنتی رہے۔
٭ ایک دوسری کیسٹ میں معوذات (اخلاص، الفلق، الناس) کو بار بار ریکارڈ کریں اور اسے بھی روزانہ ایک بار سننے کی تلقین کریں۔
٭ پانی پر دم کر کے اسے دے دیں، جس سے وہ ہر تیسرے دن پیتی اور غسل کرتی رہے۔
٭ نماز فجر کے بعد ۱۰۰ مرتبہ یہ دعا پڑھا کرے:
﴿لاَ إِلٰہَ إِلَّا اللہُ وَحْدَہٗ لاَ شَریْکَ لَہٗ ، لَہٗ الْمُلْکُ وَلَہٗ الْحَمْدُ
وَھُوَ عَلیٰ کُلِّ شَیْیٍٔ قَدِیْرٌ ﴾
عورت ان تعلیمات پر مکمل ایک مہینہ عمل کرے، اس کے بعد ان شاءاللہ اسے یا تو مکمل شفا نصیب ہو جائے گی اور جادو ٹوٹ جائے گا، یا پھراس کی تکلیف میں اضافہ ہو جائے گا، اگر ایسا ہو تو اس پر دوبارہ دم کریں، ان شاءاللہ اسے مرگی کا دورہ پڑ جائے گا اور جن آپ کے ساتھ گفتگو شروع کر دے گا، پھر آپ اس سے اُسی طریقے کے مطابق نمٹ سکتے ہیں جس کا ذکر پہلے کیا جا چکا ہے۔
اس جادو کے علاج کا عملی نمونہ
ایک نوجوان میرے پاس آیا اور کہنے لگا: ہمارے ہاں ایک عجیب و غریب لڑکی ہے، کوئی بھی شخص جب اس کے ساتھ شادی کرنے کا مطالبہ کرتا ہے تو وہ بخوشی قبول کر لیتی ہے، لیکن رات کو سونےکے بعد جب صبح کے وقت بیدار ہوتی ہے تو اپنی رائے بدل لیتی ہے اورکوئی سبب بتائے بغیر اس سے شادی کرنے سے صاف انکار کر دیتی ہے۔ اور ایسا کئی بار ہو چکا ہے جس سے ہمیں اس سے متعلق شک سا ہونے لگا ہے۔ آپ کی اس کے بارے میں کیا رائے ہے؟
میں نے اس پر دم کیا تو اسے مرگی کا دورہ پڑ گیا اور ایک (خاتون) جن اس کی زبان سے بولنے لگ گئی، میں نے اس سے پوچھا:
٭ تم کون ہو:
جن خاتون: میں فلاں ہوں (اس کا نام اب مجھے یاد نہیں ہے)
٭ تم اس لڑکی میں کیوں داخل ہوئی۔
جن خاتون: کیونکہ مجھے اس سے محبت ہے۔
٭ اسے تجھ سے کوئی محبت نہیں، اور صحیح صحیح بتاؤ کہ تم کیا چاہتی ہو؟
جن خاتون: میں یہ نہیں چاہتی کہ یہ شادی کر لے۔
٭ تمہارا اب تک اس سے کیا سلوک رہا ہے؟
جن خاتون: جب بھی کوئی شخص اس سے منگنی کےلئے آتا تھا، میں اسے رات کو خواب میں دھمکیاں دیتی تھی کہ اگر تو نے شادی کر لی تو تمہیں سنگین نتائج کا سامنا کرنا پڑے گا۔
٭ تمہارا دین کیا ہے؟
جن خاتون: میں مسلمان ہوں۔
٭ اگر تم مسلمان ہو تو تمہارے لئے قطعاً درست نہیں کہ تم کسی مسلمان کو اس طرح ایذا دو، نبی کریمﷺ کا ارشاد ہے:
(لا ضَرَرَ وَلاَ ضِرَار )
“نہ اپنے آپ کو نقصان پہنچاؤ نہ دوسروں کو۔”
(ابن ماجہ (2341،2340)،الصحیحہ للألبانی (250)، الارواء (896))
میری یہ گفتگو سن کر وہ جن خاتون اس لڑکی سے نکل جانے پر آمادہ ہو گئی اور واقعتاً اس سے نکل گئی جس سے وہ لڑکی فوراً شفا یاب ہو گئی، ولحمدللہ
جاری ہے.....
ہماری پوسٹس پڑھنے کیلئے ہمارا بلاگ یا ہمارا گروپ جوائن کریں-
whatsApp:00923462115913
whatsApp: 00923004510041
fatimapk92@gmail.com
www.facebook.com/fatimaislamiccenter
http://www.dawatetohid.blogspot.com/