Saturday 23 December 2017

اولیاء اللہ اور اولیاء الشیطان میں تمیز /آیات شریفہ سے

اولیاء اللہ اور اولیاء الشیطان میں تمیز /آیات شریفہ سے:::
اللہ سبحانہ و تعالیٰ نے اپنی کتاب میں اور اپنے رسول صلی اللہ علیہ وسلم کی سنت میں بیان فرما دیا ہے کہ لوگوں میں اللہ تعالیٰ کے دوست بھی ہیں اور شیطان کے بھی نیز اولیاء رحمن اور اولیاء شیطان کے مابین جو فرق ہے وہ بھی ظاہر کر دیا۔
فرمایا:
’’یاد رکھو! اللہ تعالیٰ کے دوستوں پر نہ کوئی خوف طاری ہوگا اور نہ وہ آزردہ خاطر ہوں گے۔ یہ وہ لوگ ہیں جو ایمان لائے اور تقویٰ کی زندگی بسر کرتے رہے۔ ان کے لیے دنیا کی زندگی میں بھی خوشخبری ہے اور آخرت میں بھی۔ اللہ کی باتیں بدلتی نہیں یہی بڑی کامیابی ہے۔‘‘(سورة يونس٦٣تا٦٤)


اور فرمایا

’’اللہ ایمان والوں کا دوست ہے۔ انہیں تاریکیوں سے نکال کر روشنی میں لاتا ہے اور جو لوگ کافر ہیں، ان کے ولی شیطان ہیں جو انہیں روشنی سے نکال کر تاریکیوں میں دھکیلتے ہیں۔ وہی دوزخی ہیں اور وہ اس میں ہمیشہ رہنے والے ہیں۔‘‘(سورة البقرہ ٢٥٧)


اور فرمایا

’’مسلمانو! یہود و نصاریٰ کو دوست نہ بنائو۔ یہ لوگ باہم ایک دوسرے کے دوست ہیں اور تم میں سے جو کوئی ان کو دوست بنائے گا تو بے شک وہ بھی انہی میں سے ہے کیونکہ اللہ جل شانہ ایسے ظالموں کو راہ راست نہیں دکھایا کرتا۔ تو اے پیغمبر جن لوگوں کے دلوں میں بے ایمانی کا روگ ہے تم ان کو دیکھو گے کہ ان کے دوست بنانے میں بڑی جلدی کرتے ہیں، کہتے ہیں کہ ہم کو تو اس بات کا ڈر لگ رہا ہے کہ کہیں ایسا نہ ہو کہ بیٹھے بٹھائے ہم کسی مصیبت کے پھیر میں آجائیں، سو امید ہے کہ اللہ تعالیٰ مسلمانوں کی فتح یا کوئی امر اپنی طرف سے ظاہرکرے گا تو اس وقت یہ منافق اس بدگمانی پر جو اسلام کے غلبے اور اس کی صداقت کی نسبت اپنے دلوں میں چھپاتے تھے، پشیمان ہوں گے(اور اس سے مسلمانوں پر ان کا نفاق کھل جائے گا تو) مسلمان ان کے حال پر افسوس کرتے ہوئے آپس میں کہیں گے کہ کیا یہ وہی لوگ ہیں جو ظاہر میں بڑے زور سے اللہ کی قسمیں کھاتے اور ہم سے کہا کرتے تھے کہ ہم تمہارے ساتھ ہیں اور اندر اندر یہود کی تائید میں کوشش کرتے تھے تو ان کا سارا کیا دھرا ضائع ہوا اور سراسر نقصان میں آگئے۔ مسلمانو! تم میں سے جو کوئی اپنے دین سے پھر جائے تو اللہ سبحانہ تعالیٰ کو اس کی ذرا بھی پرواہ نہیں۔ وہ ایسے لوگ لائے گا، جن کو وہ دوست رکھتا ہوگا اور وہ اس کو دوست رکھتے ہوں گے۔ مسلمانوں کے ساتھ نرم، کافروں کے ساتھ کڑے، اللہ کی راہ میں اپنی جانیں لڑا دیں گے اور کسی ملامت کرنے والے کی ملامت سے نہیں ڈریں گے، یہ بھی اللہ رب العزت کا ایک فضل ہے، جس کو چاہے دے اور اللہ کی رحمت بڑی وسیع ہے اور وہ سب کے حال سے واقف ہے۔ مسلمانو! بس تمہارے یہی دوست ہیں، اللہ اور اللہ کا رسول اور وہ مسلمان جو نماز پڑھتے اور زکوٰۃ دیتے ہیں اور ہر وقت اللہ رب العالمین کے آگے جھکے رہتے ہیں اور جو اللہ کے رسول اور مسلمانوں کا دوست بنا رہے گا۔ (تو وہ اللہ کی جماعت میں داخل ہو گا) اور اللہ کی جماعت ہی غلبہ پانے والی ہے۔‘‘(سورة المائدہ;٥١تا٥٦)


اور فرمایا:

’’اس سے ثابت ہوا کہ سب اختیار اللہ برحق ہی کو حاصل ہے، وہی اچھا ثواب دینے والا اور آخر کار وہی اچھا بدلہ دینے والا ہے۔‘‘(سورة الکہف٤٤)


شیطان کے دوستوں کا ذکر کرتے ہوئے فرمایا:

’’جب قرآن پڑھنے لگو تو شیطان مردود سے اللہ کی پناہ مانگ لیا کرو۔ ایمان والوں اور اپنے پروردگار پر بھروسہ رکھنے والوں پر اس کا قابو نہیں چلتا، اس کا قابو صرف ان لوگوں پر چلتا ہے جو اس سے دوستی رکھتے ہیں اور جواس (کے وسوسے) کے سبب اللہ کے ساتھ شریک ٹھہراتے ہیں۔‘‘(سورة النحل: ٩٩،١٠٠)
اور فرمایا:


’’جو لوگ ایمان والے ہیں، وہ اللہ تعالیٰ کی راہ میں لڑتے ہیں اور کافر شیطان کی راہ میں لڑتے ہیں، اس لیے شیطان کے دوستوں کے ساتھ خوب لڑو۔ شیطان کی تدبیریں بودی ہیں۔‘‘(سورة النساء:٧٦)


اور فرمایا:

’’اور جب ہم نے فرشتوں سے کہا کہ آدم کے آگے سجدہ کرو تو ابلیس کے سوا سبھی نے سجدہ کیا، ابلیس جنات کی قسم سے تھا، اس نے اپنے پروردگار کی نافرمانی کی۔کیا مجھے چھوڑ کر اسے اور اس کی نسل کو اپنے دوست بناتے ہو حالانکہ وہ تمہارے دشمن ہیں۔ ظالموں کو برا ہی بدل ملتا ہے۔‘‘(سورة الکہف٥٠)


اور فرمایا:

’’اور جو شخص اللہ کو چھوڑ کر شیطان کو دوست بنائے وہ صریح گھاٹے میں آگیا۔‘‘(سورة النساء:١١٩)


اور فرمایا:

’’جن سے لوگوں نے کہا کہ لوگ تمہارے ساتھ لڑنے کے لیے جمع ہورہے ہیں اور ان سے ڈرو تو ان کا ایمان اور بھی زیادہ ہوگیااور کہنے لگے کہ ہمیں اللہ تعالیٰ کافی ہے اور وہ بہت اچھا کارساز ہے۔ پس یہ لوگ اللہ تعالیٰ کی نعمت اور اس کے فضل سے واپس آئے۔ انہیں کوئی تکلیف نہ پہنچی اور انہوں نے اللہ تعالیٰ کی خوشنودی ہی کی جستجو کی اور اللہ تعالیٰ بڑے فضل والا ہے۔ شیطان ہی تمہیں اپنے دوستوں کا ڈراوا دکھاتا ہے۔ اگر تم مومن ہو تو ان سے نہ ڈرو اور مجھی سے ڈرو۔‘‘(سورة آل عمران١٧٣تا١٧٥)


اور فرمایا:

’’ہم نے شیطانوں کو انہی لوگوں کا یار بنایا ہے جو ایمان نہیں لاتے اور جب کبھی کسی بری حرکت کے مرتکب ہوتے ہیں تو کہتے ہیں کہ ہم نے اپنے بڑوں کو اسی طریقے پر چلتے پایا اور اللہ نے ہم کو اس کا حکم دیا ہے۔ اے پیغمبر صلی اللہ علیہ وسلم ! ان لوگوں سے کہو کہ اللہ تو برے کام کا حکم نہیں دیتا۔ تم اللہ کے بارے میں وہ کچھ کہتے ہو جس کا تمہیں علم نہیں؟ اے پیغمبر ان لوگوں سے کہو کہ میرے پروردگار نے تو ہمیشہ انصاف کا حکم دیا ہے اور فرمایا ہے کہ ہر ایک نماز کے وقت تم سب اللہ کی طرف متوجہ ہوجایا کرو اور خالص اسی کی تابعداری میں نظر رکھ کر اس کو پکارو جس طرح تم کو پہلے پیدا کیا تھا۔ اسی طرح تم دوبارہ بھی پیدا ہوگے۔ اسی نے ایک فریق کو ہدایت دی اور ایک فریق ہے کہ گمراہی ان کے حق میں ثابت ہوچکی ہے، ان لوگوں نے اللہ کو چھوڑکر شیطانوں کو اپنا دوست بنایا اور بایں ہمہ سمجھتے ہیں کہ وہ راہ راست پر ہیں۔‘‘(سورة الاعراف:٢٧تا٣٠)


اور فرمایا:
وَإِنَّ الشَّيَاطِينَ لَيُوحُونَ إِلَىٰ أَوْلِيَائِهِمْ لِيُجَادِلُوكُم 
سورة الانعام

’’شیطان تو اپنے اولیاء کی طرف وحی کرتے ہی رہتے ہیں تاکہ وہ تم سے کج بحثی کریں۔‘‘


ابراہیم خلیل علیہ السلام نے فرمایا:
يَا أَبَتِ إِنِّي أَخَافُ أَن يَمَسَّكَ عَذَابٌ مِّنَ الرَّحْمَـٰنِ فَتَكُونَ لِلشَّيْطَانِ وَلِيًّا ﴿٤٥﴾
سورة مریم

’’اے میرے باپ ! مجھے ڈر ہے کہ کہیں آپ رحمن کی طرف سے عذاب میں مبتلا نہ ہو جائیں اور شیطان کے ولی (دوست) نہ بن جائیں۔‘‘
اور فرمایا:

’’مسلمانو! اگر تم ہماری راہ میں جہاد کرنے اور ہماری رضا مندی ڈھونڈنے کی غرض سے اپنے وطن چھوڑ کر نکلے ہو تو ہمارے اور اپنے دشمنوں کو دوست نہ بنائو کہ ان کی طرف دوستی کے نامہ و پیام دوڑانے لگو، حالانکہ تمہارے پاس جو اللہ کی طرف سے دینِ حق ہے وہ اس سے انکار ہی کرچکے ہیں، وہ تو صرف اتنی بات پر کہ تم اپنا پروردگار اللہ ہی کو مانتے ہو۔ رسول صلی اللہ علیہ وسلم کو اور تم کو (گھروں سے) نکال رہے ہیں اور تم چپکے چپکے ان کی طرف دوستی کے پیغام دوڑا رہے ہو اور جو تم چھپا چھپا کر کرتے ہو اور جو ظاہر ظہور کرتے ہو ہم سب کو خوب جانتے ہیں اور جو تم میں سے ایسا کرے گا تو سمجھ لو کہ وہ سیدھے راستے سے بھٹک گیا یہ کافر اگر کہیں تم پر قابو پا جائیں تو کھلم کھلا تمہارے دشمن ہوجائیں اور ہاتھ اور زبان دونوں سے تمہارے ساتھ برائی کرنے میں کوتاہی نہ کریں اور ان کی اصلی تمنا یہ ہے کہ کاش تم بھی انہی کی طرح کافر ہوجائو۔ قیامت کے دن نہ تمہاری رشتہ داریاں ہی تمہارے کچھ کام آئیں گی اور نہ تمہاری اولاد ہی کچھ کام آئے گی، اس دن اللہ ہی تم میں(حق و باطل کا) فیصلہ کرے گا اور جو کچھ تم کر رہے ہو اللہ اس کو دیکھ رہا ہے۔ مسلمانو! ابراہیم علیہ السلام اور جو لوگ ان کے ساتھ تھے، تمہارے لیے ان کا ایک اچھا نمونہ ہو گزرا ہے جب کہ انہوں نے اپنی قوم کے لوگوں سے کہا کہ ہم کو تم سے اور تمہارے ان معبودوں سے جن کی تم اللہ کے سوا پرستش کرتے ہو، لاتعلق اور بیزار ہیں، ہم تم لوگوں کے عقیدوں کو بالکل نہیں مانتے اور ہم میں اور تم میں کھلم کھلا عداوت اور دشمنی ہمیشہ قائم ہوگئی ہے اور یہ دشمنی ہمیشہ کے لیے رہے گی، جب تک کہ تم اکیلے اللہ پر ایمان نہ لائو مگر ہاں ابراہیم علیہ السلام کی اپنے باپ سے اتنی بات کہ میں تمہارے لیے ضرور مغفرت کی دعا کروں گا اور یوں تمہارے لیے اللہ کے آگے میرا کچھ زور تو چلتا نہیں اے پروردگار! ہم تجھی پر بھروسہ رکھتے ہیں اور تیری ہی طرف رجوع کرتے ہیں اور تیری ہی طرف ہمیں لوٹ کر جانا ہے، اے ہمارے پروردگار! ہم کو کافروں کے زور و ظلم کا تختہِ مشق نہ بنا اور اے ہمارے پروردگار! ہمارے گناہ معاف کر، بے شک تو زبردست اور حکمت والا ہے۔‘‘(سورة الممتحنہ: ١تا٥)


مذکورہ بالا آیات سے جب یہ معلوم ہوگیا کہ لوگوں میں رحمن کے ولی (دوست) بھی ہوتے ہیں اور شیطان کے بھی، تو ضروری ہوا کہ جس طرح اللہ تعالیٰ اور اس کے رسول صلی اللہ علیہ وسلم نے ان دونوں میں فرق بتایا ہے، اسی طرح ان میں امتیاز کیا جائے اور فرق ملحوظ رکھا جائے۔
چنانچہ اللہ تعالیٰ کے ولی وہ ہیں جو مومن ہوں اور متقی ہوں۔ جیسا کہ اللہ تعالیٰ نے فرمایا
أَلَا إِنَّ أَوْلِيَاءَ اللَّهِ لَا خَوْفٌ عَلَيْهِمْ وَلَا هُمْ يَحْزَنُونَ ﴿٦٢﴾ الَّذِينَ آمَنُوا وَكَانُوا يَتَّقُونَ ﴿٦٣﴾
سورة یونس
’’یاد رکھو! اللہ تعالیٰ کے دوستوں پر نہ تو کوئی خوف طاری ہوگا اور نہ وہ آزردہ خاطر ہوں گے یہ لوگ ہیں جو ایمان لائے اور تقویٰ پر کاربند رہے۔
ہر ایرے غیرے کو ولی کے مقدس رتبہ پر فائز نہ کیا جائے۔

بشکریہ محدث فورم
www.dawatetohid.blogspot.com
بشکریہ فاطمہ اسلامک سنٹر پاکستان

خانہ کعبہ/ بیت اللہ کا محاصرہ /حملہ

خانہ کعبہ/ بیت اللہ کا محاصرہ /حملہ (تالیف عمران شہزاد تارڑ) 1979 کو تاریخ میں اور واقعات کی وجہ سے کافی اہمیت حاصل ہے۔ لیکن سعودی عرب می...