Monday 8 May 2017

صحت کیلئے تباہ کن 10 بظاہر عام عادتیں اور وہ 7 چیزیں جو صبح اٹھتے ہی کرنی چاہیں

صحت کیلئے تباہ کن 10 بظاہر عام عادتیں
اور
وہ 7 چیزیں جو صبح اٹھتے ہی کرنی چاہیں

(جمع ترتیب: عمران شہزاد تارڑ )

صحت کیلئے تباہ کن 10 بظاہر عام عادتیں

کچھ چیزیں یا عادتیں ایسی ہوتی ہیں جو بظاہر دیکھنے میں کچھ زیادہ نقصان دہ نہیں لگتیں مگر وقت گزرنے کے ساتھ آپ کے جسم کو اس کی قیمت چکانا پڑتی ہے۔

یہ عادتیں اتنی بے ضرر سی لگتی ہیں کہ بیشتر افراد انہیں اپناتے ہوئے ہچکچاتے بھی نہیں اور نہ ہی انہیں ان کے نقصانات کا اندازہ ہوتا ہے۔

ہوسکتا ہے کہ ان کے بارے میں جان کر آپ دنگ بلکہ پریشان ہوجائیں۔

ناخن چبانا

آپ نے دیکھا ہوگا کہ متعدد افراد ناخن چبانے کے عادی ہوتے ہیں، اسے کوئی اچھی عادت نہیں سمجھا جاتا بلکہ ایک بدترین قسم کی لت قرار دیا جاتا ہے، تاہم یہ عادت ناخنوں کو نقصان پہنچانے کے ساتھ جلد کے اُس حصے میں انفیکشن کا باعث بنتی ہے، اسی طرح جلد میں موجود جراثیم جسم کے دیگر حصوں میں بھی پھیل کر نظام تنفس کے امراض اور دیگر انفیکشن کا باعث بن سکتے ہیں اور ہاں یہ عادت دانتوں کو نقصان پہنچانے یا ان کے ٹوٹنے کا باعث بھی بن سکتی ہے۔

پیشاب روکنا

اس کی وجہ سستی یو یا کچھ اور لیکن ایسے افراد کی کمی نہیں جو پیشاب کو بہت دیر تک روکے رکھتے ہیں، مگر سوال یہ ہے کہ یہ عادت کسی نقصان کا باعث تو نہیں بنتی؟ طبی ماہرین کے مطابق ایسا کرنا عادت بنا لینا مثانے، گردوں اور آنتوں میں انفیکشن کا باعث بن سکتا ہے۔ طبی تحقیقی رپورٹس کے مطابق ایسا بہت دیر تک کرنے سے مثانہ پھیل جاتا ہے جس سے پیشاب کی نالی میں انفیکشن کا خطرہ بڑھ جاتا ہے۔

چیونگم چبانا

ہوسکتا ہے کہ آپ سانس کی بو دور رکھنے یا ذہنی تناﺅ کم کرنے کے لیے ہر وقت چیونگم چباتے ہوں، مگر یہ عادت جبڑوں پر بہت زیادہ دباﺅ بڑھا دیتی ہے، جس کے نتیجے میں جبڑوں میں درد اور تکلیف کی شکایت ہوسکتی ہے۔ اسی طرح چیونگم سے معدے میں ہوا بھرتی ہے جو اس کے امراض کا باعث بن سکتی ہے۔

برش یا خلال نہ کرنا

کیا آپ رات کو سونے سے پہلے دانتوں کا خیال نہیں رکھتے، درحقیقت برش یا خلال نہ کرنا آپ کے اندازوں سے زیادہ بدترین ہوتا ہے کیونکہ یہ دانتوں کے ٹوٹنے کا خطرہ بڑھانے والی عادت ہے، جبکہ یہ جسم میں کئی طرح کے انفیکشن اور امراض قلب کا باعث بھی بن سکتا ہے۔ طبی رپورٹس کے مطابق منہ میں موجود بیکٹریا دوران خون میں جاکر خون کی شریانوں میں ورم کا باعث بن سکتا ہے، لہذا دن میں 2 بار برش اور ایک بار خلال کرنا اس نقصان سے بچنے کے لیے ضروری ہے۔

کمپیوٹر کے سامنے پورا دن گزارنا

طبی ماہرین کے مطابق آج کل بیشتر افراد 7 سے 8 گھنٹے کمپیوٹر  یا موبائل کی اسکرین کو دیکھتے ہوئے گزارتے ہیں جس کے نتیجے میں وہ کمپیوٹر ویژن سنڈروم کا شکار ہوجاتے ہیں جبکہ آنکھ کے قرنیے کو نقصان پہنچنے کے ساتھ آنکھ میں تکلیف بھی ہوتی ہے۔ اس سے بچنے کے لیے ضروری ہے کہ ہر 20 منٹ بعد 20 منٹ کا وقفہ لے کر 20 فٹ دور کسی چیز کو دیکھا جائے، اس سے آنکھوں پر تناﺅ کم ہوتا ہے جبکہ پلکیں جھپکنے کا عمل بڑھ جاتا ہے جو کہ آنکھوں کی خارش اور خشکی کو کم کرتا ہے۔

بہت زیادہ بیٹھنا

اسکرین کو پورا دن تکنے کے ساتھ سارا دن بیٹھے رہنا بھی صحت کے لیے تباہ کن ثابت ہوتا ہے، یہ سست طرز زندگی موٹاپے، ذیابیطس، ہائی بلڈ پریشر، جلد بڑھاپے اور کینسر سمیت گردوں کے امراض کا باعث بن سکتا ہے، اس سے بچنے کے لیے دن میں کچھ وقت چہل قدمی کرنا فائدہ مند ثابت ہوتا ہے۔

کمر جھکا کر رکھنا

آپ بیٹھے ہوئے ہوں یا کھڑے ہوئے، کمر جھکا کر رکھنا مجموعی طور پر منفی اثرات کا باعث بنتا ہے، طبی ماہرین کے مطابق ایسی پوزیشن پر سر اور گردن پر بوجھ بڑھ جاتا ہے جس کے نتیجے میں سردرد کی شکایت عام ہوجاتی ہے۔ اسی طرح یہ عادت کمر کے لیے بھی نقصان دہ ہے، کیونکہ مہرے اپنی جگہ سے ہل جانے کا نتیجہ شدید درد کی صورت میں نکلتا ہے، اسی طرح کمر جھکا کر بیٹھنا معدے کے لیے بھی نقصان دہ ثابت ہوسکتا ہے اور قبض سمیت دیگر بیماریاں لاحق ہوسکتی ہیں۔

ایک کندھے پر بھاری بیگ لے کر گھومنا

خواتین کے لیے ایک بڑا پرس انہیں ہر قسم کی صورتحال کے لیے تیار رکھنے میں مدد دیتا ہے، تاہم اگر وہ ہر وقت ایک کندھے پر لٹکا رہے تو صحت کو بھی متاثر کرتا ہے۔ طبی ماہرین کے مطابق جب بھاری بیگ ایک طرف لٹکا ہوا ہو تو اس سے گردن کا زاویہ متاثر ہوتا ہے اور اعصاب پر دباﺅ بڑھتا ہے جس سے سنسناہٹ، جسمانی اعضاء سُن ہونے اور کندھوں اور بازوؤں میں درد وغیرہ کی شکایت ہوسکتی ہے، یہ نقصان اُس وقت بہت زیادہ ہوسکتا ہے جب آپ ہمیشہ ایک ہی جانب اس بیگ کو لٹکائے رکھتے ہوں۔

اونچی ایڑھی کے جوتے

یہ جوتے خواتین کے پیروں اور جسم کے لیے تباہ کن ثابت ہوسکتے ہیں، جو پیروں، گھٹنوں، کولہوں اور کمر کی صحت پر اثرانداز ہوتے ہیں کیونکہ ہمارے جسم اس طرح کے اونچی ایڑھی کے جوتے پہن کر چلنے کے لیے نہیں بنے۔

نیند کا ناقص شیڈول

اچھی نیند جسمانی افعال کے لیے بہت ضروری ہوتی ہے، تاہم رات گئے تک جاگنے یا نیند سے جڑی دیگر بری عادتوں کی قیمت جسم کو چکانا پڑتی ہے۔ تحقیقی رپورٹس کے مطابق نیند کا کوئی وقت مقرر نہ ہونا، سونے سے قبل کافی دیر تک ٹی وی یا موبائل دیکھنا اور ایسے ہی دیگر مشاغل مختلف امراض کا خطرہ بڑھا دیتے ہیں۔

وہ 7 چیزیں جو صبح اٹھتے ہی کرنی چاہیں

دنیا میں بے شمار لوگ ایسے بھی ہیں، جنھیں نیند مکمل کرنے کے بعد بھی بستر سے اٹھنا پسند نہیں ہوتا، جب کہ کچھ افراد ایسے بھی ہیں جو نیند مکمل نہیں کرپاتے لیکن وقت پر اٹھنے کے لیے الارم سیٹ کر دیتے ہیں۔

جلدی سونا اور سویرے اٹھنا صحت مند افراد کی نشانی ہے، اور ماہرین کہتے ہیں کہ صحت مند افراد کو ہر روز اٹھنے کے بعد 7 کام کرنے چاہیں۔

ماہرین کے مطابق اٹھنے کے بعد پانی یا جوس پینا چاہیے، اس سے جسم میں نمکیات کی مقدار درست رہتی ہے، جب کہ ہاضمے میں بہتری اور جلد کی رنگت بھی بہتر ہوتی ہے۔
کوشش کریں کہ تازہ لیموں یا سیب سمیت دیگر فروٹ سے بنا جوس پئیں، اگر وہ دستیاب نہیں تو پانی ہی پی لیں۔

فون یا ای میل چیک نہیں کریں

اٹھنے کے بعد ایک گھنٹے تک اپنا موبائل فون یا کمپیوٹر وغیرہ استعمال نہیں کریں۔
اگر اٹھتے ہی یہ چیزیں استعمال کریں گے تو آپ ضروری اور صحت کے لیے فائدہ مند کام کرنے سے رہ جائیں گے، کیوں کہ ممکن ہے کہ آپ کو کوئی لازمی اور پریشان کرنے والی ای میل یا پیغام موصول ہوا ہو۔

یہ عین اسلامی اور اخلاقی فریضہ ہے کہ نیند سے اٹھنے کے بعد ان تمام نعمتوں کا شکر ادا کیا جائے، جن سے زندگی آسان ہوئی۔
نعمتوں کا شکرادا کرنے سے انسان کی سوچ بھی بہتر ہوتی ہے، اور دن بھی اچھا گزرتا ہے۔
اس کے لئے مسنون دعائیں یاد کریں اگر دعائیں یاد نہیں تو اپنی مادی زبان میں ہی اللہ تعالی کا شکریہ ادا کریں ۔البتہ مسنون دعائیں ہی شکرگزاری کا بہترین طریقہ ہے۔ 

گھر یا کمرے سے باہر نکلیں اور گہری سانسیں لیں

صبح کے وقت لگنے والی ہوا نہایت ہی سکون بخش اور ٹھنڈی ہوتی ہے، اس لیے اٹھنے کے بعد جوس یا پانی پینے کے فوراً بعد گھر یا کمرے سے نکل کر کچھ دیر تک گہری سانسیں لینی چاہیے۔
اگر گھر میں باغیچہ ہے تو چند منٹ یہاں چہل قدمی کریں ۔
اٹھنے کے بعد کئی لوگوں کو سستی چھائی رہتی ہے، نہانے اور کئی منٹ گزر جانے کے باوجود ان کی سستی ختم نہیں ہوتی، اور ماہرین سستی کو ختم کرنے کا مشورہ دیتے ہیں۔
اٹھنے کے بعد اور ناشتہ کرنے سے پہلے اپنے جسم کو متحرک کریں تاکہ آپ ٹھیک سے ناشتہ کر سکیں۔

صحت مند کھانوں سے ناشتہ کریں

اچھی صحت کا دارومدار اچھے کھانوں پر ہوتا ہے، کم چکنائی والے کھانے ہی صحت مند زندگی کا راز ہیں۔
ناشتے میں انڈے اور فروٹ سمیت ہلکی پھلکی غذا پر مشتمل صحت مند کھانے کھائیں۔
ناشتہ اپنی زندگی کا معمول بنائے چاہے کم ہی کریں۔

خود کو کام کے لیے تیار کریں

ناشتہ کرنے کے بعد فورا ہی آپ خود کو ذہنی طور پر کام کے لیے تیار کریں، اور مثبت سوچوں کے ساتھ کام کی منصوبہ بندی کریں۔

دفتر یا اپنے کام کی جگہ پہنچنے سے پہلے ہی ذہنی طور پر خود کو اچھے، معیاری اور تیز رفتار کام کے لیے تیار کریں.
بشکریہ ibcurdu.com
www.dawatetohid.blogspot.com

خانہ کعبہ/ بیت اللہ کا محاصرہ /حملہ

خانہ کعبہ/ بیت اللہ کا محاصرہ /حملہ (تالیف عمران شہزاد تارڑ) 1979 کو تاریخ میں اور واقعات کی وجہ سے کافی اہمیت حاصل ہے۔ لیکن سعودی عرب می...