Wednesday 1 June 2016

رمضان المبارک میں صحت مند رہنے کے چند رہنما اصول:


رمضان المبارک میں صحت مند رہنے کے چند رہنما اصول:

رمضان المبارک بڑی رحمتوں اور برکتوں والا مہینہ ہے ۔ اس کی اہمیت و افادیت زندگی کے مختلف پہلوؤں سے ثابت ہے ۔ سال کے اس بابرکت ماہ میں ہمیں خداوند تعالیٰ کی طرف سے عبادتوں کے ثواب اور گناہوں کا کفارہ اداکرنے کا بھرپور موقع ملتا ہے۔ ساتھ ہی تیس دنوں میں ذہنی اور جسمانی نظام مضبوط اور طاقت ور ہوجاتا ہے خاص طور پر جو غذا ہم اس مہینے افطاری و سحری میں استعمال کرتے ہیں ‘ وہ سادہ‘ متوازن اور صحت بخش ہونی چاہئے ۔ افطاری میں صحت بخش جوس ضرور نوش کرنا چاہئے تاکہ جسم میں کمزوری نہ رہے۔سحری میں پیٹ بھر کر کھانا غلط طرز عمل ہے اس سے معدے کا نظام غیر محرک ہو جاتا ہے اور نظام ہضم کو شدید نقصان پہنچاتا ہے۔ ہمارا معدہ ایک خاص مقدار تک کی غذا ہضم کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔ مخصوص مقدار سے زائد غذا اکثر مختلف بیماریوں کا باعث بنتی ہے٬ جیسے ڈائریا ‘ تیزابیت اور معدے کا انفکیشن وغیرہ۔ زیادہ کھانے سے دست شروع ہوجائیں تو شدید کمزوری لاحق ہوتی ہے٬ پھر دستوں کے ساتھ الٹیاں متاثرہ شخص کو مزید لاغر کر دیتی ہیں٬ لہٰذا اول تو کسی بھی قسم کی بھاری و ثقیل غذا کا استعمال ہرگز نہ کریں اور اگر بھاری غذا استعمال کر بھی رہے ہیں تو کم مقدار میں لیں۔ سحری میں گھی میں ڈوبے پراٹھوں کی جگہ کوشش کریں کہ سادہ روٹی یا ڈبل روٹی استعمال کریں۔ یہ معدے کے لئے مفید ہے ۔ ان کے ساتھ دال یا کم روغن والا سالن استعمال میں کھانے کے بعد توانائی پہنچانے والا کوئی بھی جوس یا تازہ پھلوں کا رس استعمال کرسکتے ہیں جن کو سحری کے وقت بهوک نہ لگے وہ تهوڑا سا کهانا کها کر چند کهجوریں لازمی کهائیں ۔ ان سب چیزوں کے ساتھ ساتھ سحری میں کوئی سا ایک پھل ضرور استعمال کریں۔ اور اسے اپنی عادت بنا لیں۔ رمضان کے بعد ایسا ہی ناشتہ کرنے کی عادت ڈال لیں ۔ انشاءاللہ کبھی معدے کی کوئی شکایت نہیں ہوگی ۔ سحری میں چاول سے بنی ہوئی ڈشیز بہت کم استعمال کریں۔ نہاری ‘سری پائے ‘ بینگن اور گوبھی وغیرہ سے بھی پرہیز کریں۔ اگر مذکورہ غذائیں سحری میں استعمال کی جائیں تو بد ہضمی کی شکایت ہوسکتی ہے ،البتہ کبھی کبھار استعمال کرنے میں کوئی مضائقہ نہیں ‘ لیکن کوشش کریں کہ کم مقدار میں کھائیں ‘ ورنہ پورا دن کھٹی ڈکاریں آئیں گی اور تیزابیت کی شکایت بھی ہوسکتی ہے ۔ ایک اور بات کا بہت خیال رہے کہ سحری میں انڈا یا اس سے بنی ہوئی چیزیں کم سے کم استعمال کریں یا بالکل ہی نہ کھائیں ایسی غذاؤں سے پیاس کی شدت بڑھ جاتی ہے۔ ان احتیاطی تدابیر سے افطار تک انشاءاللہ بہت اچھا گزرے گا ۔ ہاں‘ ایک احتیاط اور برتیں ‘سحری کے بعد آرام بالکل نہ کریں۔ اپنے روزمرہ کام سرانجام دیتے رہیں اور خود کو مصروف رکھیں ۔ سحری کے فوراً بعد آرام سے جسم میں سستی آجاتی ہے ‘ جو معدے کا سائز بڑھاتی ہے اور پیٹ بھرا ہوا اور پھولا پھالا سا محسوس ہوتا ہے۔یہ تو سحری سے متعلق احتیاطی تدابیر، اب بات کرتے ہیں۔ افطار کی روزہ ہمیشہ کھجور یا نمک سے افطار کریں٬ طبی اور مذہبی اعتبار سے اسکی بڑی اہمیت ہے۔ یہ دونوں چیزیں صحت کے لئے نہایت مفید ہیں۔ جدید تحقیق کے مطابق کجھور میں کچھ ایسی غذائیت ہوتی ہے ‘جو معدے کے عضلات کو مضبوط کرتی ہے اور دوران خون کی کارکردگی بڑھا دیتی ہے۔ کھجور کے استعمال سے نہ صرف ہڈیاں مضبوط ہوتی ہیں بلکہ یہ جسم کو بھرپور توانائی فراہم کر کے جسم کی کمزوری دور کرتی ہے۔ کھجور کے فوراً بعد تھوڑا سا نیم گرم پانی استعمال کریں، یہ بھی معدے کی کارکردگی کو بڑھاتا ہےاور ساتھ ساتھ پورے G.Iٹریک کی صفائی کر کے عضلات کرتا ہے اور معدے میں موجود تیزاب کو ختم کر نے میں مدد دیتا ہے۔ سحری کی طرح افطاری میں بھی روغنی اشیاء کا استعمال کم سے کم کریں، یا بالکل ہی نہ کریں ۔ افطاری میں دہی بڑے ‘سبزی کے پکوڑے ‘فروٹ چاٹ ‘ فریش جوس یا گلو کوز لے سکتے ہیں۔ سموسے اور رول وغیرہ کا استعمال کم سے کم کریں۔اگر آپ چاہتے ہیں کہ پورا رمضان المبارک صحت مند رہیں اور معدے کی بیماریوں سے بچیں تو افطاری کے فوراً بعد کھانا نہ کھائیں، بلکہ ایک دو گھنٹے بعد کھائیں۔ عادت بنا لیں کہ افطاری کے بعد تھوڑی بہت چہل قدمی ضرور کریں۔ حضرات تراویح وغیرہ پڑھتے ہیں تو ان سے ورزش ہوجاتی ہے اور کھانا ہضم ہوجاتا ہے خواتین کے لئے ضروری ہے کہ وہ کھانے سے پہلے اور افطاری کے کچھ دیر بعد چہل قدمی کریں اگر تراویح ادا کرتی ہیں تو پهر بهی بہتر ہے، تاکہ کھانا ہضم ہوجائے، ورنہ کھانے کے بعد سونے سے کھانا ٹھیک سے ہضم نہیں ہوگا اور سحری میں بھی بھاری بھاری سا محسوس ہوگا ۔ یہ طرز عمل صحت کے لئے کسی طور مناسب نہیں ہے۔ سحری اور افطاری کا خاص شیڈول بنائیں اور پھر پورا مہینہ اس پر سختی سے عمل کریں ، تاکہ تمام روز مرہ کے کام بھی متاثر نہ ہوں اور عبادت کا لطف و ثواب بھی پورا حاصل ہو سکے ۔ افطاری کے بعد وقتاً فوقتاً کوشش کریں کہ تازہ پھلوں کا جوس یا کوئی اچها مشروب استعمال کرتے رہیں، تاکہ جسم و جاں میں طاقت رہے٬ ویسے بھی ہر خاص و عام جانتا ہے کہ توانائی کی بحالی تازہ پھلوں کے رس ہی سے ممکن ہے-اور پانی کا استعمال بهی جسم کی توانائی کو بہال رکهتا ہے-
۔میڈیکل سائنس نے روزے کے متعلق نہایت ہی دلچسپ اور حیرت انگیز انکشافات کیے ہیں۔ سویڈن کے ریسرچ اسکالرز کہتے ہیں کہ روزہ رکھنے سے ایسے افراد کی جماعت جو تھوڑے فربہی مائل ہوں، کم ہونے لگتی ہیں، جب کہ جو افراد دبلے پتلے ہوں ان کی صحت میں اضافہ ہونے لگتا ہے۔ روزے سے جسم میں موجود جراثیم اور فاضل مادوں کا اخراج ہوجاتا ہے۔ معدہ٬ جگر٬ تلی اور آنتیں مضبوط ہوتی ہیں اور ان کی طاقت میں مزید اضافہ ہوجاتا ہے ۔روزہ رکھنے سے ایسے افراد کو بھی فائدہ ہوتا ہے۔ جو تمباکو یا دیگر نشہ آور اشیاء وغیرہ کی لت کا شکار ہوں۔ اگر یہ افراد بھی روزہ رکھنا شروع کردیں ۔ تو نشے کی عادت ختم ہوسکتی ہے ۔ تیس دنوں کی ٹریننگ ان کے اعصاب اور قوت ارادی کو مضبوط بناکر نشے جیسی برائی سے ان کی جان چھڑا سکتی ہے ۔ جو افراد چاہتے ہیں ان کا وزن کم ہوجائے تو انہیں کسی بھی قسم کی ادویہ یا ٹوٹکے نہیں آزمانے چاہئیں ،بلکہ پابندی سے صرف روزہ رکھیں۔ایک مہینے میں روزوں کی برکت سے ان کا وزن واضح طور پر کم ہوجائے گا ،پھر روزہ نفسیاتی و جذباتی بیماریوں کا بھی بہترین علاج ہے۔ بشکریہ: فاطمہ اسلامک سنٹر پاکستان 
ہماری دیگر اسلامی سروس حاصل کرنے کیلئے رابطہ:
whatsApp:0096176390670
Whatapp:00923462115913
fatimapk92@gmail.com
http://islam-aur-khanqahinizam.blogspot.com
https://www.facebook.com/fatimaislamiccentr
 طالب دعا: فاطمہ اسلامک سنٹر پاکستان

خانہ کعبہ/ بیت اللہ کا محاصرہ /حملہ

خانہ کعبہ/ بیت اللہ کا محاصرہ /حملہ (تالیف عمران شہزاد تارڑ) 1979 کو تاریخ میں اور واقعات کی وجہ سے کافی اہمیت حاصل ہے۔ لیکن سعودی عرب می...