دودھ پلانے والی ماؤں کے لیے5 مفیدغذائیں ,
ماں بننا ایک خوبصورت تجربہ ہوتا ہے۔ اس سے عورت کی زندگی میں کئی قسم کی تبدیلیا ں آتی ہیں جس میں مختلف جسمانی تبدیلیاں بھی شامل ہیں ۔ دنیا میں آتے ہی بچے کی پہلی غذا ماں کا دودھ ہوتی ہے ۔ ماں کا دودھ بچے کے لیے کسی نعمت سے کم نہیں۔ یہ غذائیت اور توانائی سے بھرپور ہوتا ہے جو نہ صرف بچے کی نشونما میں اہم کردار ادا کرتا ہے بلکہ کئی اقسام کی بیماریوں سے بھی محفوظ رکھتا ہے ۔ معالج مشورہ دیتے ہیں کہ بچے کی پیدائش کے ایک گھنٹے کے اندر اندر ہی اسے ماں کا دودھ دینا شروع کردینا چاہیے ۔ عموماًپیدائش کے بعد چند ہفتوں تک بچے کو دس سے پندرہ منٹوں کے لیے دن میں آٹھ سے بارہ بار دودھ پلانے کا مشورہ دیا جاتا ہے ۔ جیسے جیسے بچہ بڑا ہوتا جاتا ہے دودھ پلانے میں وقفہ بڑھتا جاتا ہے ۔
پہلی بار ماں بننے والی خواتین اکثر ابتدائی دنوں میں دودھ پلانے کے عمل میں دشواری کا سامنا کرتی ہیں ۔ انہیں یہ فکر لاحق رہتی ہے کہ کیا بچے کو مکمل خوراک حاصل ہوبھی رہی ہے یا نہیں یا بچے کا پیٹ بھر بھی رہا ہے یا نہیں ۔ بعض اوقات ماں کا دودھ بچے کے لیے ناکافی ہوتا ہے جس کے باعث فورمولا دودھ استعمال کرنے کا مشورہ دیا جاتا ہے ۔ ماں کے دودھ میں کمی کی کئی وجوہات ہو سکتی ہیں ۔ جن میں مانع حمل ادویات کا استعمال، جسم میں ہونے والی ہارمونل تبدیلیاں، دودھ پلانے کے دوران ماں اور بچے کی غلط پوزیشننگ یاماں میں ضروری غذائیت کی کمی شامل ہے ۔
ماؤں کا یہ سوچنا درست نہیں کہ اگر بچہ ماں کا دودھ نہیں پیئے گا تو اس کی نشونما میں کسی قسم کی کمی واقع ہو جائے گی ۔ البتہ یہ ضرور ہے کہ بچے کا اپنی ابتدائی سالوں میں ماں کا دودھ پینا بچے اور ماں دونوں کی صحت پر مثبت اثرات مرتب کرتا ہے ۔ دودھ پلانے والی ماؤں کوزیادہ دودھ بنانے اور بچے کو ضروری غذائی اجزا کی فراہمی کے لیے مندرجہ ذیل غذاؤں کو اپنی خوراک کا حصہ ضرور بنانا چاہیے:
1۔ میتھی
میتھی کے فوائد سے کون واقف نہیں ۔ یہ جسم کو ضروری توانائی فراہم کرنے کے ساتھ ساتھ دودھ بنانے والے گلینڈز کو تقویت پہنچاتی ہے ۔ اس ٹوٹکے کو ذیابیطس اور ایستھما کے مریض استعمال نہ کریں۔
*میتھی میں موجود فائیٹو اسٹروجنزچھاتی میں دودھ بننے کے عمل کو تیز کرتا ہے ۔
* ایک چھوٹے چمچ میتھی دانے کو ایک کپ پانی میں ساری رات بھگوئیں ۔
*صبح اس پانی کو ابال لیں ۔
*اس سیال کو چھان کر روزآنہ صبح پئیں ۔
2۔ سونف
سونف بھی اس عمل میں معاون ہوسکتی ہے ۔ سونف سے نہ صرف دودھ زیادہ بنتا ہے بلکہ اس سے بچے کا ہاضمہ بھی ٹھیک رہتا ہے ۔
*ایک کپ گرم پانی میں سونف بھگو دیں اور آدھے گھنٹے کے لیے ڈھک کر رکھ دیں ۔اس سیال کو چھان کر دن میں دو سے تین بار استعمال کریں ۔
*اس کے علاوہ آپ سونف ، زیرہ اور مسری ہم وزن پیس کر ایک بوتل میں رکھ سکتی ہیں ۔ اس کا ایک چھوٹا چمچ روزآنہ تین بار ایک کپ دودھ کے ساتھ استعمال کریں ۔ دو ہفتوں میں اس کا اثر ظاہرہونا شروع ہوجائے گا ۔
*سونف کو کھاناپکانے میں بھی استعما ل کیا جاسکتا ہے ۔
3۔ زیرہ
سونف کی طرح زیرہ بھی دودھ پلانے والی ماؤں کے لیے ایک مفید غذا ہے ۔ اس سے بچے کا پیٹ بھی نہیں پھولتا اور اس کا دودھ بھی آسانی سے ہضم ہو جاتا ہے ۔ ساتھ ہی اس کے استعمال سے ماں کو بھی طاقت ملتی ہے ۔
*ایک چھوٹا چمچ زیرہ ایک چھوٹا چمچ چینی گرم دودھ میں ملاکرسونے سے پہلے روزآنہ چند ہفتوں تک استعمال کریں ۔
*دوسرا ٹوٹکا یہ ہے کہ زیرے کو پانی میں ابال کر چھان لیں ۔ اس میں آدھا کپ دودھ ایک چھوٹا چمچ شہد شامل کرلیں۔ اس سیال کو روزآنہ ایک بار پئیں ۔
4۔ دارچینی
اس جڑی بوٹی سے دودھ کا ذائقہ اچھا ہوتا ہے جس سے بچے کی خوراک بڑھتی ہے ۔ اس کے استعمال سے بچے کی پیدائش کے بعد ماہواری کی تاخیر میں مدد ملتی ہے ۔ اس سے یہ فائدہ ہوتا ہے کہ عورت بچے کی پیدائش کے بعد جلدی حمل ٹہرنے سے محفوظ رہتی ہے ۔
*ایک چٹکی دارچینی پاؤڈر کو آدھا چمچ شہد کے ساتھ ملائیں۔
*اسے گرم دودھ کے ساتھ استعمال کریں
*دو مہینے تک اس نسخے پر عمل کرنے سے بہترین نتائج حاصل ہونگے ۔
5۔ لہسن
کہا جاتا ہے کہ جو مائیں اپنی خوراک میں لہسن کا استعمال زیادہ رکھتی ہیں وہ طویل عرصے تک بچے کو اپنا دودھ پلاسکتی ہیں ۔ لہسن کے استعمال سے بچے کو دودھ کا ذائقہ بھی پسند آتاہے ۔
*تین لہسن کے جوئے کو کدو کش کرلیں۔
*اسے ایک کپ پانی میں ابال لیں جب تک یہ ایک چوتھائی مقدار میں نہ رہ جائے ۔
*اب اس میں ایک کپ دودھ شامل کریں اور ایک بار پھر ابالیں۔
*چولہے سے اتار کر آدھا چمچ شہد شامل کریں اور چھان لیں۔
*اسے دودھ پلانے کے عرصے میں روزآنہ صبح ایک بار ضرور پئیں.ہماری پوسٹس پڑھنے کیلئے ہمارا بلاگ یا ہمارا گروپ جوائن کریں
whatsApp:0096176390670
whatsApp:00923462115913
fatimapk92@gmail.com
http://www.dawatetohid.blogspot.com/
www.facebook.com/fatimaislamiccenter
نوٹ: یہ مضمون محض عام معلومات عامہ کے لیے ہے، اس پر عمل کرنے سے پہلے معالج سے ضرور مشورہ کرلیں۔
-------------------------