Tuesday 31 January 2017

انڈے کے فوائد

انڈے کے فوائد

انڈے قدرت کی طرف سے پروٹین (لحمیات ) حاصل کرنے کا بڑا ذریعہ ہیں جو دماغ اورپٹھوں کی نشوونما کے لئے اہم ہیں۔ انڈے کے استعمال سے قوت مدافعت میں بھی اضافہ ہوتا ہے جبکہ بصارت کی کمزوری کے عمومی عوامل میں بھی انڈے کا استعمال مفید اثرات ظاہر کرتا ہے۔

بچوں کو انڈہ کھلانے سے ان کی افزائش ہڈیوں کی مضبوطی اور بصارت کی خامیاں دور ہوتی ہیں۔ انڈے میں پائی جانے والی 60فیصد چربی خشک تیزابی(Unsaturated)حالت میں ہوتی ہے جو چربی کی تر تیزابی حالت(Saturated)کے مقابلے انسانی صحت کے لئے زیادہ مفید اور صحت مند اثرات رکھتی ہے جبکہ انڈے میں کاربوہائیڈریٹس اور فائبر نہیں ہوتے ۔

ایک انڈہ اوسطاً 85کیلریز کے مساوی توانائی رکھتا ہے۔ انڈے کی افادیت ، قیمت اور وافر دستیابی کے باوجود پاکستان میں فی کس انڈے استعمال کرنے کی شرح عالمی معیار سے کم ہے جو مجموعی آبادی کے تناسب سے فی کس آدھا انڈے مقرر کیا گیا ہے۔

قابل ذکر ہے کہ انڈے کے استعمال کی ممانعت تجویز کرنے والے ماہرین طب اس میں پائے جانے والے ’’ کولیسٹرول‘‘ کو موضوع بحث بناتے ہیں’ جو بڑی یا کم عمر افراد میں عارضہ ، قلب کا باعث بنتا ہے ۔ تاہم تحقیق سے ثابت ہوا ہے کہ ، مرغی اور مرغے کو اکٹھا رکھنے سے حاصل ہونے والے انڈوں میں مضر صحت کو لیسٹرول نہیں پایا جاتا ہے۔

انڈے استعمال کرنے والے اسے موسم کے لحاظ سے بھی منسوب کرتے ہیں جیسا کہ موسم گرما میں انڈہ نہیں استعمال کرنا چاہئے کیونکہ یہ انسانی جسم میں گرمی پیدا کرتا ہے۔انڈوں سے متعلق یہ تاثر بھی کم علمی کی بنیاد پر ہے۔

درحقیقت انڈے میں پائی جانے والی توانائی ہر موسم میں انسانی جسم کی ضرورت پورا کرنے کے لئے کافی ہوتی ہے۔ انڈہ توانائی کا اضافی ذریعہ نہیں بلکہ متوازن غذا ہے۔ ایک انڈے میں اوسطاً 85کیلریز فی ایک سو گرام ہوتی ہیں جبکہ اگر 100گرام دالیں استعمال کی جائیں تو ان میں پائے جانے والے حراروں کا تناسب 320کیلریز ہوگا۔

انڈے میں پائی جانے والی توانائی ہر موسم میں انسانی جسم کی ضروریات پورا کرنے کے لئے کافی ہوتی ہے۔ انڈوں کا استعمال ہر موسم میں بناء خوف وخطر کیا جاسکتا ہے تاہم ماہرین طب سختی سے تجویز کرتے ہیں کہ دودھ کی طرح انڈے کو بھی پکا کر استعمال کرنا چاہئے ۔

انڈے کو ابالنے یا پکانے سے ایسے ممکنہ مائیکرو جرثوموں کا خاتمہ ہوسکتا ہے، جو انڈے کے بیرونی خول سے انڈے کے اندرونی مادے میں کسی طور منتقل ہوکر انسانی جسم کے اندرونی نظام کو نقصان پہنچا سکتے ہیں۔تحقیق سے ثابت ہوا ہے کہ 16لاکھ افراد میں ایک فرد ایسے بیکڑیا سے متاثر ہوسکتا ہے جو فارم ہاوسیسز پر صفائی کی ناقص صورتحال کے باعث پیدا ہوتے ہیں۔عام درجہ حرارت پر 2ہفتے تک رکھنے پر بھی انڈے اپنی غذائی افادیت اور خصوصیات برقرار رکھتے ہیں۔

کیا دیسی انڈے زیادہ مفید ہوتے ہیں
اکثر پولٹری ماہرین جو دیسی کے مقابلے فارمی مرغی کے انڈے استعمال کرنیکی وکالت کرتے ہیں۔ ان کا کہنا ہے دیسی انڈوں سے متعلق عمومی تاثر یہی ہے کہ یہ فارمی مرغیوں سے حاصل کردہ انڈوں(Fam Eggs)سے غذائی اعتبار سے بہتر ہوتے ہیں جو حقیقت نہیں۔

دیسی انڈہ فارمی انڈے کے مقابلے میں سائز اور وزن میں کم ہوتا ہے اور غذائی اعتبار سے زیادہ وزن ہونے کے سبب فارمی انڈے کا استعمال دیسی انڈے سے بہتر ہے۔ دیسی انڈے کی زردی گہرے رنگ کی ہوتی ہے جس کی وجہ بڑی مقدار میں پائے جانیوالا کیمیائی مادہ کے اجزا ء ہوتے ہیں تاہم دونوں انڈوں میں پائے جانیوالے وٹامن اے کی مقدار قدرے مساوی ہوتی ہے۔

انڈے کے تاجر عوام کو دھوکہ دینے کے لئے فارمی انڈوں کو سیاہ چائے کی پتی میں ڈبوئے رکھتے ہیں تاکہ ان کی رنگت دیسی انڈوں جیسی ہوجائے اور پھر انہیں مہنگے داموں فروخت کیا جاسکے۔

انڈہ کیسے استعمال کیا جائے

ماہرین طب کے مطابق‘‘ انڈے کو ہمیشہ اچھی طرح پکا ہوا ، یا خوب ابلا ہوا، یا کسی بھی دوسرے ذریعے سے اچھی طرح گرم کرکے استعمال کرنا چاہئے۔ کچا انڈہ استعمال کرنے سے انسانی جسم میں پیچیدگیاں رونما ہوسکتی ہیں۔ خصوصاً کم عمر یا بڑھتے ہوئے بچوں کو انڈہ دیتے ہوئے اس بات کی تسلی کرلینی چاہئے کہ وہ اچھی طرح پکے ہوئے ہیں۔

انڈے کے بارے میں ہمارے ہاں مختلف اعتقاد پائے جاتے ہیں جن میں انڈے سے وابستہ ’’ اچھی اور بری‘‘ دونوں اقسام کی روایات موجود ہیں۔ امراض سے شفایابی اور نظر بد کے اثرات دور کرنے کے لئے انڈے کو کسی چور اہے میں توڑا جاتا ہے۔ انڈے کا استعمال جادو ٹو نے میں ہونے کی وجہ سے رات کے وقت انڈہ لیموں اور چونا خریدنا ان اشیاء کا کسی سے ادھار مانگنا معیوب تصور کیا جاتا رہا ہے۔ انڈے کی لین دین میں بھی احتیاط عام رہی ہے اور جب کسی کو انڈہ دیا جاتا تھا تو اس پر سیاہی لگادی جاتی تھی، کہ مبادانظرنہ لگے۔

انڈے کا ایک استعمال یہ بھی رہا ہے کہ بیمار پر صدقہ کرنے سے صحت یابی ہوتی ہے، ایسے انڈوں پر کاک یا کاجل سے لکیریں لگا کر رات کے وقت کسی چوراہے پر رکھ دیا جاتا تھا تاکہ صبح کوئی ضرورتمند اسے اٹھالے۔ کئی معاشروں میں انڈے کو بڑا مبارک سمجھا جاتا ہے۔ مثلاً بلقان کے کسان اچھی فصل کے لئے اپنے بلوں پر انڈے توڑتے ہیں۔ انڈوں کو تبرک ایک دوسرے کو دیا جاتا ہے اور انہیں گھر میں برکت کے لئے رکھا جاتا ہے ۔ انڈے کے بارے میں عمومی اعتقاد سے بڑھ کر اس کی غذائی اہمیت سب سے زیادہ ہے۔ یہ مقوی، زود ہضم اور ہر لحاظ سے ایک مکمل غذا ہے۔

انڈہ وٹامنز کا خزانہ

انڈے میں وٹامن سی کے سوا تمام وٹامن موجود ہوتے ہیں، ایک بڑے انڈے میں 75حرارے( کیلوریز) ہوتے ہیں اور جمنے والی چکنائی صرف دو فیصد ہوتی ہے۔ جو صرف اس کی زردی میں ہوتی ہے ، انڈے کی سفیدی خالص پروٹین کی بنی ہوتی ہے اور ہر بڑے انڈے میں اس کی مقدار 6گرام ہوتی ہے، اس کے علاوہ انڈے میں لائبو فلاوین، فولاد اور فاسفورس خاصی مقدار میں ہوتے ہیں۔ انڈے کو اس میں موجودچکنائی کی وجہ سے مضر صحت قرار دیا جاتا ہے۔ ممتاز امریکی ماہر غذائیات ایڈ یلے ڈیوس کی رائے میں مرغوں سے میل کھانے کے بعد حاصل ہونے والے بارآور انڈوں کی زردی میں کولیسٹرول کی مضر اثرات باقی نہیں رہتے۔

امریکن ہارٹ ایسوسی ایشن کے مطابق ایک عام انسان کو ہفتے میں چار انڈے کھانے چاہئیں۔ جاپان میں ہونیوالی ایک تحقیق اور جائزے کے مطابق جاپان میں ہر فروسالانہ328انڈے (اوسطاً) کھاتا ہے لیکن اس کے باوجود اس کے خون میں کولیسٹرول  کی سطح امریکہ کے شہریوں کے مقابلے میں کم پائی گئی ہے اور جاپان کے رہنے والے امریکہ کے مقابلے میں امراض قلب سے بھی محفوظ پائے گئے ہے اس کی ایک وجہ یہ بھی ہوسکتی ہے کہ جاپانی مچھلی اور سویا بین زیادہ استعمال کرتے ہیں۔ اس طرح انڈے کے ساتھ پیاز اور لہسن کے استعمال سے بھی کولیسٹرول کی سطح کم رکھی جاسکتی ہے۔

www.dawatetohid.blogspot.com

Sunday 29 January 2017

علم و فنون کی ترقی میں اسلامی تہذیب کا حصہ

علوم و فنون کی ترقی میں اسلامی تہذیب کا حصہ

انسانوں کا عقلی اور فکری سرمایہ کسی کی ذاتی میراث نہیں۔ تہذیبوں کا میل جول اور ثقافتوں کے مابین تبادلہ ایک معروف حقیقت ہے۔ یقیناً قومیں باہم ایک دوسرے پر اثرانداز ہوتی ہیں۔

عربی تہذیب بھی تاریخ انسانی کی چند عظیم الشان تہذیبوں میں سے ایک ہے۔ اس کی جڑیں ماضی کی گہرائیوں میں پیوستہ ہیں۔ عرب میں اسلام کی ابتداکے ساتھ ہی اس تہذیب کا بھی آغاز ہوا۔ اسلام کی آغوش میں یہ تہذیب پروان چڑھی۔ پھر جوں جوں اسلامی فتوحات کا دائرہ وسیع ہوتا گیا قدیم تہذیبوں کی پروردہ قوموں کا ایک سیلِ رواں بھی اسلامی ریاست کا حصہ بنا، باہر سے آنے والی یہ قومیں اسلامی تہذیب میں یوں ضم ہوئیں کہ زبان و بیان تک کا فرق جاتا رہا اور عربی زبان ہی ان کے فکر و خیال کی ترجمان بن گئی، وقت کے گزرنے کے ساتھ انھوں نے دینِ اسلام کو اس طرح اپنایا کہ ماضی کا ہر نقش مٹ گیا اور آبا و اجداد کا دین ماضی کی ایک یاد گار بن کر رہ گیا۔ عربی قوم اور باہر سے آنے والی ان قوموں کے درمیاں اگر کچھ فرق باقی رہا تو وہ صرف رنگ و نسل کا فرق تھا۔

یہ بات ہمیشہ دہرائی گئی ہے اور دہرائی جاتی رہے گی کہ اسلامی تہذیب نے علوم و فنوں کے مختلف میدانوں میں نئے اضافے کیے اور ترقی کی نئی جہتیں تلاش کیں، لیکن اس کا سب سے بڑا کارنامہ وہ رابطہ ہے جو اس نے قدیم یونانی سرمایہ اور جدید لاطینی تہذیب کے درمیان قائم کیا۔ جس سے یورپ کو ایک نئی تہذیب کے قیام اور ایک نئے سرمایہ علم و فن کو پروان چڑھانے کا موقع ملا۔

لوگوں کو آج اس جدید تہذیب کا تو علم ہے لیکن وہ اس کے سرچشموں سے ناواقف ہیں، حالانکہ اس کے اَن گنت شواہد انسانی سرگرمی کے مختلف میدانوں میں بکھرے پڑے ہیں۔ یہاں بر سبیل تذکرہ علم طب سے متعلق چند چیزوں کا ذکر کیا جاتا ہے جن سے علوم و فنون کی دیگر اقسام کا اندازہ لگایا جا سکتا ہے۔

تاریخ کے ایک دورمیں یونانی فن طب عربوں کے یہاں آیا،عربوں نے اس سرمایہ کی حفاظت کی اور اس سے استفادہ کرتے ہوئے اس میں گراں قدراضافے کیے، اُس کی بہت سی خامیوں کو دوربھی کیا، اور پھر عربی تہذیب و ثقافت سے فیض یاب یونانیوں کایہ فن عرب اطبا کی تالیفات اور تجربوں کے سہارے یورپ تک پہنچا۔ یونانی فن طب کے اس تاریخی سفر کا اعتراف مستشرقین اور غیر مستشرقین سبھی کرتے ہیں۔

ڈاکٹر نکلسن کی طویل گفتگوکا ایک اقتباس یہاں نقل کیا جاتا ہے، وہ کہتے ہیں: ’’آج جو کچھ بھی جدید اکتشافات ہو رہے ہیں وہ یقیناً ان عرب ماہرینِ فن کے مرہون منت ہیں جو عہد وسطیٰ کی شمع فروزاں تھے جب کہ یورپ پر تاریکی چھائی ہوئی تھی‘‘۔

بارون کلارادی فو کہتے ہیں: ’’وہ علمی میراث جو اہل یونان نے چھوڑی تھی رومی اس کا صحیح استعمال نہ کر سکے جبکہ عربوں نے اسے نہ صرف ترقی دی بلکہ اور زیادہ بہتر بناکر جدید دنیا کے حوالہ کیا‘‘۔

یورپین طبیب دی بور کہتے ہیں: ’’فنِ طب مردہ تھا جالینوس نے اسے حیات بخشی، فنِ طب بکھرا ہوا تھا رازی نے اس کی شیرازہ بندی کی‘‘۔

ولیم اوزلر اپنی کتاب ’’فن طب کی تاریخ‘‘ میں لکھتا ہے: عربوں نے یونانی قندیلوں سے اپنے چراغ روشن کیے، اور بارہویں صدی عیسوی تک یہ فن ان کے یہاں اس مقام کو پہنچ گیا تھا جس کی نظیر تاریخ میں ملنا مشکل ہے۔

ولز کہتے ہیں: ’’عربوں نے زبردست ترقی کی تھی، وہ یونان سے بھی آگے نکل گئے تھے۔ انہوں نے اعضا کے وظائف اور علمِ صحت کا بھی مطالعہ کیا تھا۔ طب میں ان کا علمی طریقۂ کار بالکل جدید طریقۂ کار جیسا تھا۔ آج بھی ہم ان کی دریافت کی ہوئی بہت سی دوائوں کا استعمال کرتے ہیں۔ ان کے جراح سرجری کا عمل بھی انجام دیتے تھے‘‘۔

عربی فنِ طب کامؤرخ لکلرک کہتا ہے: ’’نویں صدی عیسوی مکمل بھی نہ ہو پائی تھی کہ عرب تمام یونانی علوم کے ماہر ہو گئے اور بغداد تمام عالم میں عقلی وفکری سرگرمیوں کا مرکز بن گیا۔ پھر بارہویں صدی عیسوی میں بغداد کے بجائے طلیطلہ اس مقام پر قابض ہو گیا‘‘۔

وہ مزید کہتا ہے: ’’تاریخ کے اسی دور میں عالم عرب کے دونوں سروں پر دو عظیم واقعات رونما ہوئے، ایک تو صلیبی جنگیں جو لاکھوں یورپین کو مشرق کھینچ لائیں دوسرے اندلس کے راستے عربی افکار و خیالات مغرب پہنچے‘‘۔

اسی طرح وہ مزید کہتا ہے: ’’طلیطل میں فن طب پر عربی سے لاطینی میں ترجمہ کی ہوئی ۹۰ کتابیں موجود تھیں جن میں سے چار بقراط کی، ۲۵ جالینوس کی اور باقی مسلمان حکماء کی تصانیف تھیں‘‘۔

جومار، جو نپولین کے مصر پر حملے کے دوران اس کے ہمراہ تھا کہتا ہے: ’’قاہرہ میں چھ سو سالوں کے دوران متعدد ایسے شفاخانے قائم کیے گئے جن میں عام مریضوں کے ساتھ ذہنی مریضوں کا بھی علاج کیا جاتا تھا، ان میں سے صرف ایک ہی شفا خانہ باقی رہا اور وہ قلاوون ہاسپیٹل کے نا م سے موسوم ہے۔ اس شفا خانہ پر کافی رقم خرچ کی گئی تھی۔ اس میں ہر مرض کا الگ وارڈ تھا، اور ہر وارڈ کا ایک مخصوص ڈاکٹر بھی ہوتا تھا، اس میں امیر و فقیر کا کوئی امتیازنہ تھا،ہر کوئی علاج کے لیے جاسکتا تھا، ذہنی و نفسیاتی مریضوں کے لیے الگ سے ایک مخصوص وارڈ تھا۔ جہاں انہیں تنہا رکھا جاتا تھا اور موسیقی کے ساتھ نغمے سنائے جاتے تھے۔ اسپتال کے ساتھ ساتھ درسگاہ بھی ہوتی تھی جہاں فن طب اور فقہ کی تعلیم دی جاتی تھی‘‘۔

برایس دافن کہتا ہے: ’’مریضوں کے ہال کو جاڑوں میں گرم رکھا جاتا تھا اور گرمیوں میں اتنے بڑے بڑے پنکھے لگائے جاتے تھے کہ ان کا ایک سرا ہال کے ایک جانب ہوتا تھا اور دوسرا ہال کے دوسری جانب‘‘۔

رہا مغرب میں اسپتالوں کا حال تو ’’ماکس نوردوا‘‘ اپنی کتاب میں لکھتا ہے: ’’یورپ میں اس وقت شفا خانوں کا حال یہ تھا کہ فرش پر مختلف امراض میں مبتلا بچے، بوڑھے چار، پانچ، چھ کی تعداد میں پڑے رہتے تھے، مریضوں کو وقت بے وقت انتہائی کم مقدار میں کھانا دیا جاتا۔ عمارت میں کیڑوں مکوڑوں کی بہتات رہتی۔ مریضوں کے کمروں میں بدبو پھیلی رہتی۔ لاشیں چوبیسوں گھنٹے فرش پر پڑی رہتیں، کیڑوں مکوڑوں اور مکھیوں کا ہر وقت ڈیرا رہتا۔ دماغی مریضوں کے کمرے آپریشن رومز سے متصل ہوتے تھے‘‘۔

جرمن طبیب ڈاکٹر میکس مایرہوف جن کا قاہرہ میں ۱۹۴۵ء میں انتقال ہوا کہتے ہیں: ’’اسلامی طب کا ماہ کامل یونان میں ڈوبنے والے سورج کی کرنوں سے روشنی لے کر تاریک زمانوں کے افق پر نمودار ہوا اوراس نے گھٹا ٹوپ تاریکیوں کے بیچ ایک نورانی بزم آراستہ کی۔ پھر یہیں رنگ برنگے ستاروں کی انجمن آرائی ہوئی، پھر رات آہستہ آہستہ ڈھلنے لگی، آفتاب کی کرنیں مدہم پڑنے لگیں اور ایک نئی صبح کی آمد کے ساتھ ہی ستاروں نے اپنی انجمن سمیٹ لی۔ تاہم نئی تہذیب کے جیب و دامن پر آج بھی اس تہذیب کے اثرات جا بجا نظر آتے ہیں‘‘۔

مذکورہ بالا اقوال کے لیے دیکھیے: ڈاکٹر محمد کامل حسین کے زیر نگرانی ڈاکٹروں کی ایک ٹیم کے ذریعہ تیار کی گئی کتاب ’’الموجز فی تاریخ الطب والصیدلہ عند العرب‘‘۔

جن مستشرقین نے یورپی تہذیب پر اسلامی تہذیب کے اثرات کا مطالعہ کیا ہے ان میں سب سے مشہور بلجکی نزاد امریکی جورج سارٹن (متوفی۱۹۵۶ء)۔ مجلۃ المجمع العلمی دمشق، ایک شمارہ میں جارج سارٹن کے متعلق لکھتا ہے: ’’انہیں عربوں اور عربی زبان سے حقیقی محبت تھی۔ انہوں نے زمانۂ قدیم پر عرب علماء کی فضیلت کو اجاگر کیا۔ ان کی سب سے مشہور کتاب ’’مقدمۂ سائنس‘‘ ہے، جو انہوں نے انگریزی زبان میں تالیف کی اور پانچ جلدوں میں شائع ہوئی ہے۔ انہوں نے کتاب میں ایک حصہ عربوں کی سائنسی تاریخ کے لیے مخصوص کیا ہے۔

سارٹن کا قول ہے: ’’عربوں نے دنیا کو جو علمی و فکری سرمایہ دیا بعض مؤرخین اس کی اہمیت کم کر نے کی کوشش کرتے ہیں اور دنیا کو یہ باور کراتے ہیں کہ عربوں نے محض قدیم علوم کی منتقلی کا عمل انجام دیا ہے، اس میں کوئی اضافہ نہیں کیا ہے۔ یہ ایک غلط خیال ہے۔ یہ خود اپنے آپ میں ایک بہت بڑا کارنامہ ہے کہ عربوں نے یونانی حکمت کے خزانوں کی حفاظت کی اور اسے ہم تک منتقل کیا۔ اگر عربوں نے یہ کارنامہ انجام نہ دیا ہوتا تو انسانی تمدن کا کارواں آج صدیوں پیچھے ہوتا‘‘۔

سارٹن مزید کہتے ہیں: ’’عرب دنیا کے عظیم ترین معلم تھے۔ انہوں نے جن علوم کو بھی ہاتھ لگایا اس میں نہ صرف گرانقدر اضافہ کیا، بلکہ انہیں ارتقائی عمل کے ان مدارج تک پہنچایا جہاں انہیں ایک اعتبار حاصل ہو‘‘۔

خدا کے حکم سے گردش لیل و نہار جاری ہے۔ کسی کا اقتدار مٹتا ہے اور کوئی مسند نشین ہوتا ہے۔ ملک بنتے بھی ہیں اور سلطنتوں کا سقوط بھی ہوتا ہے۔ کسی قوم کو عروج حاصل ہوتا ہے اور وہ دوسروں کو اپنا دستِ نگر بنانے کی کوشش بھی کرتی ہے۔ ملت اسلامیہ مشرق و مغرب میں سخت ترین مصائب و مشکلات اور فتنوں کا شکار ہوتی رہی ہے۔ اس کے باوجود اگر یہ کہا جائے کہ ماضی کے فتنے، ہنگامے اور طرح طرح کے مصائب و مشکلات کا ہجوم عرب قوم کو تہذیب و تمدن کی تعمیر اور علوم و فنون کی ترقی کے اپنے بنیادی مقصد سے کبھی غافل نہ کر سکا تو خلافِ حقیقت نہ ہوگا۔ جو محققین فکرِ اسلامی کو دو زمانوں میں تقسیم کرتے ہیں، یعنی ایک عروج کا زمانہ اور دوسرا زوال و انحطاط کا، میرے خیال میں ان کی تقسیم اعتدال پر مبنی نہیں ہے کیونکہ اسلامی تاریخ کے مختلف زمانوں میں عربوں کی عقلی و فکری سرگرمیوں کا اگر مطالعہ کیا جائے تو یہ دیکھ کر سخت حیرانی ہوگی کہ تقریباً ہر زمانہ میں شرق سے لے کر غرب تک عالم اسلام کے تمام گوشوں میں علماء، طلبہ، مصنفین اور فلاسفہ کا ایک جمِ غفیر علمی و فکری سرگرمیوں میں مصروف رہا ہے۔ زمانوں کے الٹ پھیر، حکام کی تبدیلی اور مصائب و مشکلات کی آمد سے عربوں کی عقلی و فکری سرگرمیاں متاثر نہ ہوئیں اور نہ ان کی تیزی میں کمی آئی۔ آپ دیکھ سکتے ہیں کہ چھٹی اور ساتویں صدی ہجری اسلامی تاریخ کی ایسی دو صدیاں ہیں جن میں ملت اسلامی تاتاریوں اور صلیبیوں کے بدترین حملوں کا شکار ہوئی اگر اللہ تعالیٰ نے اس امت کی حفاظت نہ کی ہوتی اور اسلامی عقیدے کی روح میں بقا اور نشوو ارتقاء کے فطری جوہر نہ ودیعت کیے ہوتے تو شاید اس کا صفایا ہی ہو جاتا، لیکن اس کے باوجود اگر ہم ان دو صدیوں میں پیدا ہونے والے علماء و مفکرین کی تعداد پر نظر ڈالیں تو حقیقت کا اعتراف کرنا پڑتا ہے۔

مذکورہ بالا حقیقت کا جائزہ لینے کے لیے اگر اسلامی تاریخ کی کوئی ایک کتاب مثلاً ابن العماد حنبلی (متوفی۱۰۸۹ھ) کی ’’شذرات الذہب فی اخبار من ذہب‘‘ لے لی جائے اور ان سنین میں علماء کی سرگرمیوں اور تصانیف کا جائزہ لیا جائے جن میں ملت اسلامیہ شدید فتنوں اور جنگ و جدال کا شکار رہی ہے تو یقیناً وہی حقیقت سامنے آئے گی جس کا اوپر تذکرہ کیا گیا ہے۔

ذیل میں ہم ایک روایت ذکر کرتے ہیں جس سے ملت اسلامیہ کی علمی و فکری سرگرمیوں کا اندازہ ہوگا۔

موفق الدین عبداللطیف بن یوسف بن محمد البغدادی (متوفی۶۲۹ھ) کثیر التصانیف علماء میں سے ہیں، ان کی کتابیں حکمت، نفسیات، طب، تاریخ، جغرافیہ، سفرنامہ، نیز ادب اور لغت جیسے مختلف النوع علوم و فنون سے تعلق رکھتی ہیں۔ دیکھیے: طبقات الشافعیہ الکبری ٰ لابن السبکی۔

موفق الدین البغدادی فرماتے ہیں: ’’میں نے سلطان صلاح الدین ایوبی کو بیت المقدس میں دیکھا، میں نے دیکھا کہ وہ ایک عظیم بادشاہ ہیں۔ دل ان کی شخصیت سے مرعوب، اور آنکھیں محبت سے لبریز ہو جاتی ہیں۔ وہ ہر ایک سے قریب اور ہر ایک ان سے مانوس، ان کے ساتھی ان کی تقلید کرتے ہیں، اور ان کی طرح خیر کے کاموں میں سبقت کر نے کی کوشش کرتے ہیں جیسا کہ اللہ تعالی کا ارشاد ہے:

’’اور ہم نے ان کے دلوں سے ہر طرح کا کپٹ نکال دیا‘‘۔ (سورۃ الاعراف: ۴۳ اور سورۃ الحجر: ۴۷)

پہلی رات جب میں ان کی مجلس میں حاضر ہوا تو اسے اہل علم سے بھرا پایا، لوگ علم کی مختلف اقسام پر گفتگو کر رہے تھے اور سلطان بغور ان کی باتوں کو سنتے اور گفتگو میں بھرپور حصہ لیتے، فصیلوں کی تعمیر اور خندقوں کی کھدائی کے طریقۂ کار پر گفتگو کرتے اور اس کی باریکیوں کو سمجھتے، بیت المقدس کی فصیلوں کی تعمیر اور اس کے گرد خندقوں کی کھدائی کی انہیں خاص فکر تھی، وہ اس کی بذاتِ خود نگرانی کرتے۔ پتھر اپنے کندھوں پر اٹھاتے اور ہر امیر غریب کی مدد کرتے۔ طلوع آفتاب سے پہلے ہی وہ اس کام میں مصروف ہو جاتے اور ظہر تک مصروف رہتے پھر گھر واپس ہوتے چٹائی بچھاتے، آرام کرتے اور عصر کے وقت سے دوبارہ مصروف کار ہو جاتے اور پھر رات کو چراغوں کی روشنی میں واپس ہوتے۔ رات کا بیشتر حصہ دن کے کاموں کی تیاری میں گزارتے، حماسہ یاد کرتے تھے۔ اور ان کا خیال تھا کہ ہر فقیہ کو حماسہ یاد ہونی چاہیے‘‘۔ (طبقات الشافعیہ الکبری: ۷/۳۴۳)

افواج اسلامی کا ایک قائد اسلامی تاریخ کے چند کامیاب ترین معرکوں میں سے ایک کی قیادت کر رہا ہے لیکن جنگ کی قیامت خیزیاں اسے علم کی مجلسوں اور علماء کے مذاکروں سے دور نہیں کر پارہی ہیں۔ (مذکورہ بالا گفتگو سے یہ بھی اندازہ ہوتا ہے ہمارے علماء گوشہ نشین نہیں رہا کرتے تھے بلکہ اکثر و بیشتر پوری پوری زندگی سرحدوں پر دشمنوں کے ساتھ معرکہ آراء رہتے تھے۔)

ان کے بارے میں کہا جاتا ہے کہ وہ قرآن یاد کرتے تھے اور فقہ شافعی کی کتاب ’’التنبیہ‘‘ اور شعر میں حماسہ یاد کرتے تھے، انہوں نے حدیث اسکندریہ میں حافظ ابوطاہر سلفی سے سنی تھی۔ (ایضاً: ۷/۳۴۰)

اسی طرح صلیبیوں سے معرکہ آرائی انہیں عقیدہ کی اصلاح اور اقامت دین کے فریضہ سے غافل نہ کر سکی چنانچہ انہوں نے مصر میں فاطمیوں کی حکومت کا خاتمہ کیا، پھر حق کی اشاعت و تبلیغ اور بدعتوں کے خاتمہ کا کارنامہ انجام دیا۔ (ایضا: ۷/۳۴۲)

اسی طرح تاریخ کے مطالعہ کے دوران یہ حقیقت بھی سامنے آئے گی کہ عالم اسلام کا کوئی شہر اگر فتنوں کی بہتات یا جنگ و جدال کی کثرت کی وجہ سے علمی وفکری منظر نامہ سے غائب ہو جاتا تو یہ چیز عالم اسلام کے کسی اور شہر کو یہ موقع فراہم کرتی کہ وہ اس کا جانشین ہو اور علمی سفر کو آگے بڑھائے۔ ساتویں اور آٹھویں صدی ہجری میں جب بغداد اور اندلس پر مصیبت نازل ہو ئی تو شام اور مصر نے ان کی جگہ لی اور وہاں علمی سرگرمیوں کو فروغ حاصل ہوا۔

ہمارے علمی سرمائے کا ایک بڑا حصہ آج بھی دنیا کے عام و خاص کتب خانوں میں موجود ہے نیز ہمارا جو علمی سرمایہ ضائع ہوا ہے وہ جنگوں یا حوادثِ زمانہ سے زیادہ اپنوں کی غفلت سے ضائع ہوا، روایت بیان کی جاتی ہے کہ تاتاریوں نے اسلامی کتب خانوں کو اس قدر تاراج کیا کہ نہر دجلہ کا پانی ان کی روشنائی سے سیاہ ہو گیا، اس قصے میں جو مبالغہ ہے اس کو بیان کرنے کی ضرورت نہیں۔ اس کی دلیل یہ ہے کہ علمائے متاخرین مثلاً جلال الدین سیوطی (متوفی ۹۱۱ھ)، عبد القادر بغدادی صاحب خزانۂ الادب (متوفی۱۲۰۵ھ) مرتضیٰ زبیدی صاحب تاج العروس (متوفی ۱۲۰۵ھ) وغیرہ کی کتابوں میں متعدد ایسی کتابوں کے نام ملتے ہیں جن کو دنیا سمجھتی تھی کہ وہ اس فتنہ عظیم میں مٹ گئیں، لیکن آج روز نئے مخطوطات کی دریافت کی صورت میں ان کاپتا چل رہا ہے۔ (معہد المخطوطات العربیہ قاہرہ میں اپنے کام کے دوران مجھے بہت سے ایسے مخطوطات کا علم ہوا)

آخر میں میں ان چند اہم ترین کتب کا حوالہ دینا چاہتا ہوں جن میں اس عظیم سرمایۂ علم و فن کا احاطہ کرنے کی کوشش کی گئی ہے جو تاریخ کے مختلف ادوار میں عالم اسلام کے علماء، ادباء، مفکرین اور فنکاروں کی عظیم کوششوں کے نتیجے میں سامنے آیا۔ تاکہ ایک مبتدی قاری کو یہ معلوم ہوسکے کہ عربوں نے کتابوں کی صورت میں دنیا کو علم و فن اور دانائی وحکمت کا کس قدر قیمتی سرمایہ عطا کیا ہے۔

ابن ندیم کی کتاب ’’الفہرست‘‘ جو فہرست ابن ندیم کے نام سے معروف ہے اس باب میں اولین کتاب کی حیثیت رکھتی ہے۔ اسی طرح ابوبکر محمد بن خیر الاشبیلی (المتوفی ۵۷۵ھ) کی ’’فہرست‘‘ جو انہوں نے اپنے شیوخ سے روایت کی ہے اوراحمد بن مصطفی معروف بطاشکبری زادہ کی کتاب ’’مفتاح السعاد و مصباح دار السیاد‘‘ اہم کتابیں ہیں، مصطفی بن عبداللہ معروف بحاجی خلیفہ کی کتاب’’کشف الظنون عن آسامی الکتب والفنون‘‘ علامہ زرکلی کے بقول اس سلسلے کی سب سے جامع اور انتہائی نفع بخش کتاب ہے نیز اسماعیل پاشا بغدادی کی کتاب ایضاح المکنون فی الذیل علی کشف الظنون‘‘ جو دراصل کشف الظنون کا تتمہ ہے ایک مفید کتاب ہے۔ ایڈورڈ فینڈیک کی کتاب ’’اکتفاء القنوع بما ہو مطبوع‘‘ اور یوسف الیان سرکیس کی کتاب ’’معجم المطبوعات العربی و المعرب‘‘عمدہ کتابیں ہیں۔

فیکوینت فلیب دی طرازی کی کتاب ’’خزائن الکتب العربی فی الخافقین‘‘ ایک اہم کتاب ہے، مؤلف نے اس کتاب میں دنیا کے تمام عربی کتب خانوں کی تعداد شمار کی ہے اور ان کی فہرست پیش کی ہے۔ چنانچہ مؤلف کے اندازے کے مطابق دنیا میں عربی کتب خانوں کی تعداد تقریباً (۱۵۰۰) ہے۔

مخطوطات اور مطبوعہ کتابوں کو ملاکر ان میں عربی کتابوں کی تعداد تقریباً ۲۶۲ ملین ہے۔ (یہ اعداد و شمار ۱۹۴۸ء تک کے ہیں جو کہ کتاب کا سن اشاعت ہے۔ ظاہر ہے بعد میں ان اعداد و شمار میں بہت کچھ اضافہ ہوا ہے۔ دیکھیے: فواد سیزکین: تاریخ التراث العربی، ص:۱۱)

مذکورہ بالا کتابوں کی جامع اور انتہائی مفید کتاب مشہور جرمن مستشرق ’’کارل بروکلمان‘‘ (متوفی ۱۳۷۵ھ) کی ’’تاریخ ادب عربی‘‘ ہے جس میں ان تمام جگہوں کی نشاندہی کی گئی ہے جہاں عربی مخطوطات موجود ہیں۔

کارل بروکلمان کی کتاب پر مشہور مسلمان ترک محقق ’’پروفیسر فواد سیزکیں‘‘ نے ’’تاریخ التراث العربی‘‘ میں زبردست اضافہ کیا ہے، کتاب کے متعدد اجزا جرمن زبان میں شائع ہوئے ہیں اور سعودی عرب کی یونیورسٹی جامعۃ الامام اس کے ترجمے کا کام انجام دے رہی ہے۔ یہ کتاب جس وقت بہ تمام و کمال منظر عام پر آئے گی وہ یقیناً اس سلسلے کا ایک نادر نمونہ ہوگی۔

یہ بھی ایک دلچسپ حقیقت ہے کہ ہمارا علمی و فنی سرمایہ اپنے سفر کے مختلف ادوار میں کسی نہ کسی طرح مغرب کی دسترس میں رہا ہے، اس لیے مغرب کی اس سرمایہ سے وابستگی قدیم ہے۔ کبھی جنگوں نے اپنا کردار ادا کیا کبھی سفارتی ذرائع اس میں معاون ثابت ہوئے، غرض مغرب اور اسلام کے مابین ثقافتی اور علمی تبادلہ پر گفتگو کی جائے تو یقینا یہ ایک دلچسپ گفتگو ہوگی، تاہم یہاں اس کا موقع نہیں البتہ جسے اس موضوع سے دلچسپی ہو وہ استاذ نجیب عقیقی کی کتاب ’’المستشرقون‘‘ کا مطالعہ کرے۔

(مترجم: محمد عمیر سفیان اصلاحی)

(بشکریہ: ماہنامہ ’’زندگیٔ نو‘‘ نئی دہلی۔ جون ۲۰۱۵ء)

خانہ کعبہ/ بیت اللہ کا محاصرہ /حملہ

خانہ کعبہ/ بیت اللہ کا محاصرہ /حملہ (تالیف عمران شہزاد تارڑ) 1979 کو تاریخ میں اور واقعات کی وجہ سے کافی اہمیت حاصل ہے۔ لیکن سعودی عرب می...